فیلڈ مارشل کا تربت کا دورہ، سکیورٹی صورت حال کا جائزہ

 

 

 

بلوچستان کے علاقے تربت کا دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہے،صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا،جہاں سکیورٹی صورت حال اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ تربت،بلوچستان کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،چیف سیکریٹری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سکیورٹی ڈائنامکس اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز پر بریفنگ دی گئی،انہیں ترقیاتی منصوبوں اور سماجی و معاشی بہتری کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے سول انتظامیہ کے حکام کے ساتھ ملاقات میں بہتر طرز حکمرانی اور عوامی شمولیت پر زور دیا، اس دوران عوامی ترقی کےلیے مشترکہ سول و ملٹری اقدامات کی اہمیت اجاگر کی گئی۔انہوں نے بلوچستان کے عوام کی خوش حالی اور پائیدار ترقی کےلیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

آئی ایس پی آر  کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے جوانوں سے خطاب میں ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کےقیام میں فوجی جوانوں کے کردار کی تعریف کی۔

 

 

 

Back to top button