علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری شواہد کی بنیاد پر ہوئی : طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات بڑے پیچیدہ ہیں،آپ کہہ سکتے ہیں کہ پولیس نے انہیں دیر سے گرفتار کیا لیکن آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ اُن کے مقدمات جعلی تھے۔پولیس کو شواہد اکٹھے کرتے کرتے اتنی دیر لگ گئی۔
وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے علیمہ خان کے بیٹوں شاہ ریز اور شیر شاہ کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ دونوں 9 مئی کو جناح ہاؤس میں موجود تھے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پولیس کو شواہد اکٹھے کرتے کرتے اتنی دیر لگ گئی، اگر کوئی شواہد نہیں ہوں گے تو انہیں ریلیف مل جائے گا۔
سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹے کو 24 گھنٹوں سے پہلے عدالت میں پیش کیا گیا،آپ کہہ سکتے ہیں کہ پولیس نے انہیں دیر سے گرفتار کیا لیکن آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ اُن کے مقدمات جعلی تھے۔
طلال چوہدری نے کہاکہ کیا علیمہ خان کے بیٹے 9 مئی کے مظاہرے میں موجود نہیں تھے؟ 9 مئی مقدمات میں بہت سارےلوگوں کو پہلے سزا ہونی چاہیےتھی۔
یاد رہےکہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو 21 اگست کو ان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ سے حراست لیاگیا تھا جب کہ گزشتہ روز دوسرے بیٹے شیر شاہ کو بھی عدالت سے واپسی پر گرفتار کیا جا چکا ہے۔
