جلیبیاں بیچنے والےفٹبالرکونوکری اورامدادی چیک مل گیا

 جلیبیاں بیچنے والے ہنگو کے فٹبالر محمد ریاض کووزیراعظم نے 25لاکھ کا چیک جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورنے10لاکھ کا چیک اورنوکری دینے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ساتھ جلیبیاں بیجنے والے فٹبالر نےخصوصی ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے محمد ریاض کو 25 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا جب کہ وزیراعلیٰ کے پی نے 10 لاکھ روپے کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے محمد ریاض کو کوچ بھرتی کرنے کا آرڈر بھی جاری کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ محمد ریاض بچوں کوٹریننگ دیں گے، ریاض جیسےلوگ ہمارا سرمایہ ہیں، اس کو ضائع نہیں کرنا۔

واضح رہے کہ 2018میں ایشین گیمز کے فٹبال ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر محمد ریاض ان دنوں مالی مشکلات سے دوچار تھے اور بےروزگاری کے سبب اپنی زندگی کا گزر بسر کرنے کے لیے جلیبیاں بیچنے پر مجبور تھے۔

محمد ریاض کا کہنا ہے کہ میں نے برسوں انتظار کیا کہ محکمہ جاتی کھیل بحال ہو لیکن کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔روزگار کے لیے مجبور ہوکر یہ راستہ اختیار کرنا پڑا، محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی کا اعلان کیا گیا تھا مگر تاحال عملی اقدامات نظر نہیں آئیں۔

ہنگو میں قومی فٹبالر محمد ریاض کی جلیبیاں بیچنے کی خبر نشرہونے پروزیراعظم شہبازشریف نے نوٹس لیتے ہوئے ملاقات کیلئے ایوان وزیراعظم بلایاتھا۔

Back to top button