سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے پاکستانی ٹیم پرغیرسنجیدگی کا الزام لگادیا

سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر غیر مستقل مزاج ہونے کا الزام عائد کردیا۔
سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کمزوری کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ دیرینہ ہے۔
آکاش چوپڑانے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ضرور ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دباؤ میں پھنس جاتا ہے۔پاکستان نے پچھلے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں امریکا سے شکست کھائی اور دوسرے راؤنڈ میں بھی کوالیفائی نہیں کر سکے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان پر آئی سی سی ایونٹس میں حالیہ خراب کارکردگی کے باعث چیمپئنز ٹرافی میں بھی دباؤ رہے گا۔
آکاش چوپڑا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا گراف کبھی اوپر اور کبھی نیچے جاتا ہے، وہ کم ہی مستحکم رہتے ہیں۔ یہ ٹیم اپنے ملک جیسی ہے جہاں اتار چڑھاؤ عام بات ہے یہی کیفیت ان کی کرکٹ میں بھی نظر آتی ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک غیر متوقع ٹیم ہے اور دباؤ میں ٹوٹ جانا ان کی ایک بڑی کمزوری ہے۔ کیا پاکستان اس مسئلے پر قابو پا سکے گا؟ یہ میرا بڑا سوال ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں ان پر دباؤ ہوگا۔
