غزہ کو دائمی جنگ سے بچانے کیلئے عالمی مشن قائم کیا جائے، فرانسیسی صدر

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کو دائمی جنگ سے بچانے کے لیے وہاں ایک بین الاقوامی استحکامی مشن قائم کیا جائے۔
صدر میکرون نے اسرائیل کے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے منصوبے کو دائمی جنگ کی طرف ایک قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سب سے زیادہ نقصان یرغمالیوں اور عام شہریوں کو پہنچے گا۔
انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ غزہ کے لیے فوری طور پر ایک مضبوط اور مؤثر عالمی مشن کے قیام پر کام شروع کیا جائے، جس کا مقصد علاقے کو مستحکم کرنا، شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور نظم و نسق کی بحالی میں مدد دینا ہو۔
میکرون کے مطابق انہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ شراکت داروں کے ساتھ فوری رابطے میں آکر اس مشن کی تیاری کا عمل آگے بڑھائیں۔
فرانسیسی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ غزہ میں جنگ ختم ہونی چاہیے اور دنیا کو ایک مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے غزہ سٹی پر مکمل فوجی کنٹرول کے منصوبے کی منظوری دی ہے، جس پر عالمی سطح پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ گزشتہ ماہ فرانسیسی صدر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان بھی کر چکے ہیں، جس کی برطانیہ اور کینیڈا نے بھی پیروی کی۔
