گنڈاپور کا استعفیٰ اب تک گورنر ہاؤس کو موصول نہیں ہوا

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ معمہ بن گیا ہے،گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ استعفیٰ کہاں ہے، ہمیں کچھ نہیں معلوم ۔ گورنر ہاؤس کو جیسے ہی استعفیٰ موصول ہوگا اس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے سے متعلق ذرائع وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ ہم نے تو استعفیٰ کل ہی گورنر ہاؤس کو بھجوادیا تھا، وزیر اعلیٰ کے استعفے پر مزید کارروائی کرنا اب گورنر ہاؤس کا کام ہے۔
دوسری جانب گورنر ہاؤس کے ذرائع نے کہا ہے کہ استعفیٰ کہاں ہے ؟ ہمیں تو کچھ معلوم نہیں،وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا نہیں ہوتا بلکہ یہ سمری کے ذریعے گورنر کو بھیجا جاتا ہے۔
ذرائع گورنر ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے استعفیٰ کس کو بھیجا گیا ہے، اس کے بارے میں وہی بتاسکتے ہیں،گورنر ہاؤس کو جیسے ہی استعفیٰ موصول ہوگا اس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
بشری اور علیمہ سے پنگے گنڈا پور کے زوال کی وجہ کیوں بنے ؟
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہوئے 12 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرچکا ہے تاہم اب تک بھی ان کا استعفی گورنر ہاوس نہ پہنچ سکا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں لکھا کہ قائد عمران خان کے حکم کی تعمیل میں وزارتِ اعلیٰ چھوڑرہا ہوں،وزارتِ اعلیٰ میرے لیے اعزاز تھی،استعفیٰ قیادت کے فیصلے پر دیا، جب عہدہ سنبھالا تو صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی کے سنگین چیلنجز سے دوچار تھا۔
