جی ایس پی پلس اسٹیٹس اظہار رائے کی آزادی سے مشروط ہے : سفیر یورپی یونین

یورپی یونین کے خصوصی نمائندے اولوف اسکوگ کا کہنا ہے کہ صرف افراد کو تنقید سےبچانے کےلیے اظہار رائے کی آزادی کو محدود نہ کیاجائے۔اظہار رائے کی آزادی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کےلیے ایک اور شرط ہے۔
پاکستان کے دورے پر موجود انسانی حقوق کےلیے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے اولوف اسکوگ نے حکومت پر زور دیا ہےکہ وہ شہریوں کےخلاف مقدمات کی پیروی کےلیے فوجی عدالتوں کا استعمال نہ کرے،انہوں نے اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرنے کے حالیہ اقدامات کی مخالفت بھی کی۔
اولوف اسکوگ کے دورے کا مقصد حکومت کےساتھ انسانی حقوق کے اہم معاملات پر بات چیت کرنا اور جون 2025 میں ہونےوالے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن سے قبل ان سے نمٹنے کےلیے پاکستان کے منصوبوں کے بارےمیں جاننا ہے۔
اولف اسکوگ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کےخلاف مقدمہ نہ چلائے،صرف افراد کو تنقید سےبچانے کےلیے اظہار رائے کی آزادی کو محدود نہ کیاجائے۔
یورپی یونین کے سفیر اولف اسکوگ نے کہا کہ ہم نے شہریوں کے خلاف فوجی عدالتوں کے استعمال کے بارےمیں اپنے خدشات اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہریوں کےلیے ایک سویلین عدالتی نظام لاگو ہونا چاہیے،انہوں نے واضح کیاکہ جب مظاہروں کے جواب میں فوجی عدالتوں کا وسیع پیمانے پر استعمال ہوا،تو ہم نے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے،یہ ہمارا عمومی موقف ہے، انفرادی مقدمات پر تبصرہ نہیں کریں گے۔
نمائندہ خصوصی یورپی یونین نے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کےلیے ایک اور شرط ہے،یہاں تک کہ صحافیوں اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے ملک کےسائبر کرائم قوانین میں متنازع ترامیم کی منظوری کےخلاف احتجاج کیا۔
انہوں نےکہاکہ یہ اس وقت ہورہا ہے جب میں پاکستان کا دورہ کررہا ہوں،میں سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اس پر تبادلہ خیال کررہا ہوں،ہمارا خیال ہےکہ اظہار رائے کی آزادی پر بہت محدود پابندیاں ہونی چاہئیں۔
وزیراعظم سےامریکی سرمایہ کاروں کی ملاقات،مکمل تعاون کی یقین دہانی
انہوں نےکہا کہ آپ سیاست دانوں،حکام یا نظام کو تنقید کا نشانہ بننے سے بچانے کےلیے اظہار رائے کی آزادی پر قدغن نہیں لگاسکتے۔
اولف اسکوگ نے کہاکہ جی ایس پی پلس اسکیم کا اگلا دور اس بات پر منحصر ہےکہ پاکستان مختلف بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کے سلسلےمیں کیا کرتا ہے،یہ نہیں کہا جاسکتا کہ جی ایس پی پلس اگلے دور کےلیے موجود ہوگا۔
