عمران خان کے ساتھ کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ہوگی،فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا کاکہنا ہے کہ عمران خان کی سطح پر نہ کوئی مذاکرات ہیں نہ ڈیل ہے اور نہ ڈھیل ہے، جس حکومت کو پی ٹی آئی فارم 47 کی حکومت کہتی تھی اس سے مذاکرات کیوں کیے؟
سینیٹرفیصل واوڈا کا نجی ٹی وی سےگفتگو میں کہنا تھا کہ میں نےکہا تھا ٹرمپ کارڈ سے پی ٹی آئی کو مایوسی ہوگی، ٹرمپ کارڈ کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔علی امین گنڈاپور مجھے وزارت اعلیٰ پربھی نظر نہیں آرہے، پی ٹی آئی کے لیے پنجاب سے کوئی نہیں نکلےگا، اب تو بانی پی ٹی آئی خود کہہ رہے ہیں کہ ان کے رہنما کمپرومائزڈ ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی سطح پر نہ کوئی مذاکرات ہیں نہ ڈیل ہے اور نہ ڈھیل ہے، جس حکومت کو پی ٹی آئی فارم 47 کی حکومت کہتی تھی اس سے مذاکرات کیوں کیے؟اس حکومت میں بھی ایک شہزاد اکبر اور ایک اعظم خان موجود ہے۔
سینیٹر فیصل واڈا کامزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں، 190ملین پاؤنڈ کا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس تھا۔