وزیراعظم سے آئی ایف سی وفد کی ملاقات،سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کی سرمایہ کاری شاخ آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر ماختر ڈیوپ نے ملاقات کی، اور پائپ لائن میں پڑے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزارت خزانہ و اقتصادی امور کے سینیئر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈبلیو بی جی کی جانب سے حال ہی میں 40 بلین امریکی ڈالر کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) (2026-2035) پروگرام کو سراہا۔
انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (آئی بی آر ڈی) کی جانب سے 20 ارب امریکی ڈالر کا خودمختار قرض بھی شامل ہوگا۔ آئی ایف سی پاکستان میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مزید 20 بلین امریکی ڈالر بھی دے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پروگرام کو وسعت دینے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔انہوں نے آئی ایف سی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس، بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، ماحولیاتی تبدیلیوں، صحت اور پانی و نکاسی آب سمیت دیگر کلیدی شعبوں میں اپنی معاونت میں اضافہ کرے۔
