عمران خان کی سلمان اکرم راجہ کو بطورسیکرٹری جنرل کام جاری رکھنےکی ہدایت

تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا اور انہیں عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عمران خان نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز عدالتی مقدمات میں مصروف ہیں، جبکہ عمران خان نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کے لیے محمود اچکزئی کا نام ایک بار پھر دہرایا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ نے اپنے عہدے سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب صرف قانونی معاملات پر توجہ دیں گے اور وکیل کی حیثیت سے بلامعاوضہ پارٹی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ کوئی روایتی سیاست دان یا جاگیردار نہیں بلکہ ایک عام خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے مختصر خاندان کے ساتھ پارٹی کے اندر اور باہر سے ہر طرح کے دباؤ برداشت کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایک حالیہ واقعے نے انہیں یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کیا کیونکہ ان کی زندگی "کھلی کتاب” کی مانند ہے۔

Back to top button