سیالکوٹ میں 355ملی میٹربارش،تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

سیالکوٹ میں 24 گھنٹوں کے دوران 355 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی جس نے گزشتہ 11 برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق رنگ پورہ، شہاب پورہ، دارا آرائیاں، علامہ اقبال چوک اور پریم نگر سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے پانی نے نشیبی مقامات کو ڈبو دیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں تک مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ ڈیک میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 77 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جس سے متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

انتظامیہ نے مزید بتایا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح 3 لاکھ 65 ہزار کیوسک تک جا پہنچی ہے، جبکہ دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر بہاؤ 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک اور جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 42 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے اور ریسکیو آپریشن کے دوران کرتارپور سمیت مختلف مقامات سے 257 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

Back to top button