پنجاب میں مبینہ پولیس مقابلوں کےدوران8خطرناک ملزم ہلاک

پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلوں کے دوران 8 ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزمان ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد ساتھی فرار ہوگئے۔

گوجرانوالہ میں تھانہ واہنڈو کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران واردات شہری کے قتل سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب 2 بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ملزمان کی شناخت محمد شہزاد اور عابد علی کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران ڈکیتی قتل کی 30 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کرلیا، جبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔

پولیس کاکہناہے کہ تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری، موٹر سائیکل چوری اور بینکوں سے نقد رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے سمیت 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب 2 خطرناک ڈاکو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناکے پر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ملزمان کی شناخت امیر حمزہ اور ندیم مسیح کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ کے علاوہ لاہور میں بھی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلیا، جبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور سی سی ڈی گوجرانوالہ سے پولیس مقابلے کے مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو صلاح الدین عرف کاکو پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صلاح الدین عرف کاکو درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ اس کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔

سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔

 

Back to top button