جمائما خان نے بالآخر ٹیری وائٹ کی ولدیت کنفرم کر دی

 

 

 

لندن میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے اپنی دوسری شادی کے موقع پر پہلی مرتبہ عوامی طور پر ٹیریان وائٹ کی عمران خان کی بیٹی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ جمائما نے ٹیری وائٹ کو اپنی قیمتی سوتیلی بیٹی قرار دیا ہے، جس کے بعد یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ سیتا وائٹ کی بیٹی کے والد عمران خان ہی ہیں۔

 

جمائما نے نہ صرف ٹیریان کو اپنی سوتیلی بیٹی کہا ہے بلکہ انہیں اپنی شادی میں میڈ آف آنر Maid of Honour  کی انتہائی اہم ذمہ داری بھی سونپی۔ یاد رہے کہ عمران خان نے ماضی میں ٹیریان کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا تھا، اگرچہ 1997 میں کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر یک طرفہ عدالتی کارروائی میں انہیں ٹیریان کا قانونی والد قرار دیا تھا۔ دراصل ٹیریان وائٹ سیتا وائٹ کی بیٹی ہیں اور ان کی پیدائش جون 1992 میں ہوئی تھی۔ سیتا وائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹیریان کے والد عمران خان ہیں۔ 1997 میں سیتا وائٹ نے کیلیفورنیا کی عدالت میں پدریت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ لیکن کیس کی کارروائی کے دوران عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے بعد ازاں امریکی عدالت نے انہیں ٹیریان کا والد قرار دیتے ہوئے فیصلہ جاری کیا۔ عمران خان نے اس نسبت کو تسلیم نہیں کیا تھا کیونکہ اگر وہ ایسا کرتے تو نہ ان کا سیاسی کیریئر ختم ہو جاتا۔

 

ٹیریان کی زندگی میں جمائما تب سے موجود ہے جب وہ عمران خان کی اہلیہ تھیں۔ سیتا وائٹ نے اپنی زندگی کے آخری دور میں ٹیریان کی قانونی سرپرستی کے لیے جمائما کا نام بھی اپنی وصیت میں شامل کیا تھا۔ سیتا وائٹ 13 مئی 2004 کو اچانک انتقال کرگئی تھیں جس کے بعد ٹیریان کی آئندہ زندگی اور سرپرستی کے حوالے سے عمران خان اور جمائما کے ساتھ ان کے تعلقات کا معاملہ سامنے آیا۔

سیتا وائٹ کے انتقال کے بعد عمران خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹیریان لندن میں ان کے گھر آکر رہ سکتی ہیں اور وہ اور جمائما ان کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے ان کی سرپرستی کے لیے تیار ہیں۔ لیکن تب بھی عمران خان نے ٹیریان کو اپنی بیٹی کے طور پر عوامی طور پر تسلیم نہیں کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا تھا کہ ٹیریان کا جمائما اور ان کے دونوں بیٹوں کے ساتھ قریبی تعلق ہے۔

 

دلچسپ امر یہ ہے کہ جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی اور دونوں 2004 میں الگ ہوگئے۔ اس عرصے کے دوران ٹیریان بھی جمائما اور ان کے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم کے خاندانی دائرے سے واقف تھیں۔ سیتا وائٹ کی جانب سے جمائما کو سرپرست مقرر کیے جانے کے پس منظر میں بھی یہی خاندانی قربت اہم سمجھی جاتی رہی ہے۔

اب 12 ستمبر 2026 کو جمائما کی آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ دوسری شادی کے بعد منظر عام پر آنے والی تصاویر اور ان کے سوشل میڈیا پیغام نے اس پرانے خاندانی تعلق کو ایک نئے انداز میں نمایاں کردیا ہے۔ جمائما نے اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے خاندان کے مختلف افراد کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر ٹیریان کو اپنی قیمتی سوتیلی بیٹی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شادی میں میڈ آف آنر کی ذمہ داری انجام دی۔

 

جمائما کی ٹیری بارے پوسٹ میں ان کے اور عمران خان کے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا۔ جمائما نے بتایا کہ ان کے ’’محبوب بیٹوں‘‘ نے انہیں شادی کے موقع پر سٹیج تک پہنچایا۔ یوں شادی کی تقریب میں عمران خان سے ان کے دونوں بیٹوں کے ساتھ ساتھ ٹیریان کی بھی مرکزی حیثیت نے اس خاندانی تعلق کو مزید نمایاں کردیا۔ شادی کی تقریب میں کیمرون ریلی کی بیٹیاں ساشا اور تارا بھی دلہن کی برائیڈز میڈز Bride’s Maids کے طور پر شریک ہوئیں، جبکہ ان کے بیٹے ایلیٹ اور آسکر نے اپنے والد کے بیسٹ مین Best Man کے فرائض انجام دیے۔ جمائما نے اپنی پوسٹ میں خاندان کے دیگر بچوں، بھتیجوں اور رشتہ داروں کا بھی شکریہ ادا کیا، جس سے تقریب کی خاندانی نوعیت واضح ہوتی ہے۔

 

جمائما اور کیمرون ریلی کی شادی ایک نجی تقریب میں ہوئی جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور دوست شریک ہوئے۔ جمائما نے تقریب کے کئی روز بعد شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس دن کو ان کے اور ان کے شوہر کے لیے خصوصی اور خوشگوار بنانے میں کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے بھی خاص طور پر اس امر کو نمایاں کیا کہ جمائما کے دونوں بیٹے اپنی والدہ کو آئرل تک لے کر گئے۔

ٹیریان کو ’سوتیلی بیٹی‘ قرار دینے کے حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ جمائما کا یہ بیان ان کے اور ٹیریان کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ذاتی اور خاندانی قربت کو ظاہر کرتا ہے، لیکن اس سے عمران خان کی جانب سے پدریت تسلیم کرنے کا کوئی نیا بیان سامنے نہیں آتا۔ تاریخی طور پر امریکی عدالتی فیصلے میں عمران خان کو ٹیریان کا والد قرار دیا گیا تھا، جبکہ پاکستان میں بعد کے عدالتی مباحث میں بھی اس امریکی فیصلے اور عمران خان کی جانب سے پدریت کے عدم اقرار کا حوالہ آتا رہا ہے۔۔

 

یوں جمائما کی حالیہ شادی کی تصاویر میں ٹیریان وائٹ کی موجودگی اور انہیں ’’قیمتی سوتیلی بیٹی‘‘ قرار دینا عمران خان، سیتا وائٹ، جمائما اور ٹیریان سے جڑے کئی دہائیوں پرانے خاندانی پس منظر کو بھی دوبارہ منظرعام پر لے آیا ہے۔

 

Back to top button