قمرزمان کائرہ نے گلگت بلتستان الیکشن پرتحفظات کااظہارکردیا

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن ہمارےتحفظات پرفوری ایکشن لے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات پر ردعمل میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان میں پولنگ سٹیشنوں کو دور منتقل کرکے ہماراووٹ بینک متاثرکیاگیا، بعض پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ تاخیر سےپہنچا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو جان بوجھ کرسست روی کاشکارکرنامنصفانہ الیکشن پرسوالیہ نشان ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن ہمارےتحفظات پرفوری ایکشن لے۔

قمرزمان کائرہ کا کہنا تھاکہ جب تک تمام ووٹ کاسٹ نہ ہوجائیں انتخابی عملےکوجانےنہیں دیں گے۔

پیپلزپارٹی کے سکریٹری جنرل نیرحسین بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کو فارم 45 فراہم نہیں کیےجارہے،  چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرکے معاملے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پرامن ماحول میں ہوئے، اب ماحول خراب نہ کیا جائے، الیکشن کمیشن کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات پرامن ہوگئے، فارم 45 نہیں دیے جارہے، یہ نتائج تبدیل کرنا چاہتےہیں، پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 دیے جائیں، پریزائیڈنگ افسران کچی پینسل کے نتائج دے رہے ہیں جوغیرقانونی ہیں، کچھ عناصر انتخابات کو داغدار کرنا چاہتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے، گلگت بلتستان میں ہمارے نمائندوں کو فارم45 نہیں دیے جارہے، شفاف انتخابات آئینی ذمہ داری ہے اورپیپلزپارٹی شفافیت پریقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان سے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی شکایت آرہی ہیں کہ وہاں منظم دھاندلی ہورہی ہے۔

Back to top button