وزیراعظم نے50ای گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے سپرد کردیں

اسلام آباد پولیس کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت طلال چوہدری سمیت متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔
وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو فراہم کی جانے والی نئی الیکٹرک گاڑیوں کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں ماحول دوست اور گرین پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔
