گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرائے بڑھانے کا اعلان

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہونے پر دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں، ہم 5 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پچھلے 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ہم نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔
