عمران خان نے سلمان اکرم اورفیصل چودھری میں صلح کرادی

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور اپنے لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے درمیان صلح کرا دی۔

فیصل چودھری دوبارہ لیگل ٹیم میں شامل

ذرائع کے مطابق فیصل چوہدری کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور فیصل چوہدری کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے رہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری کو پارٹی پالیسی کے مطابق چلنے کی ہدایت کر دی۔بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو بھی معاملات ٹھیک کرنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کے مطابق فیصل چوہدری ایڈووکیٹ اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان صلح کے وقت بیرسٹر علی ظفر بھی موجود تھے۔

عمران خان کا فوادچودھری کو سخت پیغام

عمران خان نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بھی پیغام بھجوایا۔بانی پی ٹی آئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ فواد چوہدری سے کہیں لیڈرشپ اور پارٹی کے خلاف بیان بازی سے باز رہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کو طبی سہولیات کے حوالے سے ایک درخواست دائر کی تھی جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے درخواست سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم پیر کے روز ایک نئی درخواست دائر کرے گی۔

فواد چودھری کاردعمل بھی آگیا

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و سینیئر سیاستدان فواد چوہدری نے عمران خان کی جانب سے پارٹی اور قیادت کے خلاف بیان بازی سے باز رہنے کے پیغام پر ردعمل دے دیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ عمران خان کا حکم ملا ہے کہ تنقید نہیں کرنی تو اب کیا کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری ان دنوں پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے خلاف سخت زبان ستعمال کررہے تھے۔فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و لیگل ٹیم کے اہم رکن سلمان اکرم راجا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اس کے علاوہ فواد چوہدری نے مطالبہ کیا تھا کہ موجودہ حالات میں بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کو پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنی چاہیے۔

Back to top button