عمران خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ جیل سے نہیں باہر سے چلتا ہے : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں شفاف اور اوپن ٹرائل ہونا ضروری ہے تاکہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال رہے۔ عمران خان کا ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ جیل سے نہیں بلکہ باہر سے چلایا جاتا ہوگا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری درخواست ہے دیگر مقدمات کی طرح عمران خان کے کیسز بھی چلائے جائیں،ان کیسز میں بھی وکلا،میڈیا اور عوام کی رسائی ہو،اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات ہیں یہ اوپن ٹرائل ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ مقدمات کو غیر معمولی تیزی سے چلانا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے، عمران خان کے ٹرائل کے طریقہ کار نے آزاد عدلیہ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جس سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد متاثر ہو رہا ہے۔
تحریک انصاف پاک امریکہ معدنیاتی معاہدے کی مخالف کیوں؟
ان کاکہنا تھا کہ 8 ماہ سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت تاخیر کا شکار ہے،ہم ہر تاریخ اور ہر سماعت پر اوپن ٹرائل سے متعلق سوالات اٹھاتےہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کا کسی ایجنسی کے ساتھ رابطہ تو کیا کسی تعلق کا شبہ بھی نہیں ہوسکتا، بات سمجھنے میں یا کہنے میں غلط فہمی ہوسکتی ہے،بد قسمتی ہےکہ اندر کی خبریں باہر آتی ہیں پھر اس طرح کے الزامات لگتے ہیں،عمران خان نے واضح کیا ہے اندر کی باتوں پر اس طرح کی باتوں سے گریز کیاجائے اور جو کچھ ہوا اس پر مزید بات نہ کی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا واضح مؤقف ہے کہ دہشت گردی ختم ہونی چاہیے، خیبرپختونخوا میں اگر کوئی کوآرڈینیٹڈ آپریشن ہو رہا ہے اس میں دونوں طرف نقصان نہیں ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور اس وقت تک وزیراعلیٰ رہیں گے جب تک ان کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں باہر سے چلتا ہوگا اور ایکس اکاونٹ بند کرنے سے متعلق پالیسی کا مجھے نہیں علم ہے۔
