بھارت نےبچوں کونشانہ بناکر بربریت کی انتہاکردی،ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کاکہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر بربریت کی انتہا کردی،یہ دہشتگردی نہیں تو اور کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں معصوم بچے شہید ہوئے، جنہوں نے اپنی زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں، جن کو بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کو نشانہ بنایا، ہم بھارت ہی سے اس بزدلانہ اقدام کی توقع کرسکتے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چو دھری  نے کہا ہے کہ  بھارتی حملے میں 31 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم سب پہ روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کس طرح بھارت پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کررہا ہے، اس کے شواہد دنیا کے سامنے ہیں، جب پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ تیز کی تو بھارت خود اپنی فوج کے ساتھ دہشتگردی پر اترآیا، بھارت نے پاکستان کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا یہ دہشتگردی نہیں تو اور کیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چو دھری نے کہا کہ دہشتگردی میں بھارتی فوج نے کل کس طرح پاکستان میں مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا، مساجد میں قرآن پاک شہید کیے گئے۔ سوال یہ ہے کون سا مذہب اور کون سی انسانیت ہے جو اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ آپ کسی اور کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کو شہید کریں اور اس کی بے حرمتی کریں۔6اور 7مئی کے حملے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا دشمن اتنا کمزور اور خوفزدہ ہے کہ وہ بزدلوں کی طرح رات کی تاریکی میں شہریوں اور آبادی کے مراکز کو نشانہ بناتا ہے، بجائے اس کے کہ اس کے سامنے برابر کی فوج سے لڑیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حملے کے جواب میں بھارت کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا نہ کہ عام شہریوں کو اور معصوم لوگوں کو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے نہ صرف فضا بلکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاری ہے، جس کے جواب میں پاک فوج دشمن کو مسلسل جواب دے رہی ہے۔

Back to top button