ایران نے اسرائیل پر400بیلسٹک میزائل داغ دیئے،10اسرائیلی ہلاک

ایران نےاسرائیل پر400بیلسٹک میزائل داغ دیئے،10اسرائیلی ہلاک  ہو گئے۔

ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کےخلاف اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئےصہیونی ریاست پردرجنوں بیلسٹک میزائل فائر کردیے۔

غیر ملکی خبررساں ادارےرائٹرز کی رپورٹ کےمطابق اسرائیل بھرمیں الارم بجنا شروع ہوگئے اورمقبوضہ بیت المقدس،دریائےاردن کی وادی میں اسرائیلی شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی اوردھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو نشریات کی ذمےداریاں انجام دینےوالےرپورٹرز حملوں کےدوران زمین پر لیٹ گئے۔

ایران کی پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغے ہیں اور اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو تہران کا ردعمل مزید شدید اور تباہ کن ہو گا۔اگر صیہونی حکومت نے ایرانی حملوں پر جوابی کارروائی کی تو انہیں ایسے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا جو انہیں کچل کر رکھ دیں گے۔

اسرائیلی فوج کے دوعہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سےتقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

رائٹرز کے صحافیوں نےہمسایہ ملک اردن کی فضائی حدود میں اسرائیل کے آئرن ڈوم کی جانب سےمیزائلوں کو روکتے ہوئے دیکھا جبکہ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے100 میزائل داغے گئے۔

اسرائیلی فوج نےکہا ہے کہ ایران سےبیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں، ہمیں امریکا نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل حملے سےخبردار کیا تھا اور ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

اسرائیلی فوج کےترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایرانی حملےمیں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نےبتایا کہ ایران سےمیزائل داغےگئے اور پورے ملک بھر میں سائرن سنائی دے رہے ہیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے کےرام اللہ سے رپورٹ کرتےہوئے فلسطینی صحافی محمد خیری کا کہنا ہے کہ آسمان میں درجنوں میزائل مغرب کی طرف مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیل کی طرف جاتےدیکھےجاسکتے ہیں۔

انہوں نے الجزیرہ عربی کو بتایا کہ میزائل تقریباً بلا تعطل جارہےہیں جب کہ سائرن بھی بج رہےہیں جو اسرائیل کےبڑےعلاقوں میں سنےجاسکتے ہیں۔

سینئر ایرانی عہدیدار نےرائٹرزکوبتایا کہ ایران کےسپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر میزائل حملوں کاحکم دیا اور اس حملےکےبعد ایران کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنےکےلیےمکمل تیار ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اورحماس کےسربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیاہے۔

پاسداران انقلاب کےترجمان کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اورپاسداران انقلاب کے کمانڈر نلفروشان کی شہادت کابدلہ لینے کےلیےہم نے مقبوضہ علاقے(اسرائیل) کے قلب کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جوبائیڈن کی صدارت میں اہم اجلاس جاری ہےجس میں وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا ایران کےاسرائیل پر حملےکی صورت میں تیاریوں پر غور کیاجا رہا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن کہا کہ امریکاایرانی میزائل حملوں کےخلاف دفاع اور خطے میں امریکی فوج کےتحفظ کے لیےاسرائیل کی مددکےلیےتیار ہے۔

جو بائیڈن نےنائب صدر کاملا ہیرس اور وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کی ٹیم کے ساتھ آج ہونےوالی ایک میٹنگ کےحوالےسےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ اسرائیل پر حملوں کے خلاف اس کا دفاع کرنے اور خطےمیں امریکی اہلکاروں کے تحفظ کے سلسلے میں مدد کےلیےامریکا کس طرح تیار ہے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر نے اپنی فوج کو اسرائیل کے لیے دفاع کے لیے مدد اور صہیونی ریاست کو نشانہ بنانے والے میزائل کو شوٹ کرنے کا حکم دے دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ بائیڈن اور کاملا ہیرس وائٹ ہاؤس کے سجویشن روم میں اسرائیل پر ایرانی حملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اسرائیل ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے بعد اسرائیل نے پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کو بند کردیا ہے اور فلائٹس کو دوسرے ملکوں کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔

ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل نے اپنی فضائی حدود کو بند کردیا ہے اور فلائٹس کا رخ اسرائیل سے باہر دوسرے ملکوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سے ایران کے حملوں کے بعد لبنان کے دارالحکومت بیروت میں لوگوں نے سڑکوں پر جشن مناناشروع کردیااورخوشی سےہوائی فائرنگ کی۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کےمطابق اسرائیل حملےپرلوگ بیروت میں جشن منا رہےہیں اورجنوبی بیروت سےجشن منانے والوں کی جانب سےہوائی فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

ادھر، اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نےایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ میں تیزی سے پھیلتے اس تنازع کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خطے میں اشتعال انگیزی پر اشتعال انگیزی کی مذمت کرتا ہوں، یہ سب رکنا چاہیے، ہمیں جنگ بندی کی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب کہ اس سے اب سے کچھ دیر قبل صہیونی فوج نے غزہ اور لبنان کے بعد شام پر بھی حملے شروع کردیے تھے جس کے نتیجے میں خاتون صحافی سمیت 3 شہری شہید جب کہ 19 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ شامی دارالحکومت دمشق پر اسرائیلی حملوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

شام کے 2 فوجی ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ اسرائیل نے جنوبی شام میں 3 طیارہ شکن ریڈار اسٹیشنوں پر حملہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے جنوبی شام میں کم از کم 3 طیارہ شکن ریڈار اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا، جن میں وہ ریڈار بھی شامل تھا جو فوجی ہوائی اڈے پر نصب ہے۔ اسرائیلی کے حملوں میں شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی صنعا کی خاتون صحافی بھی جاں بحق ہوگئیں جب کہ ان کے علاوہ دیگر دو شہری بھی جاں بحق ہوئے۔اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 19 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے تباہ کن فضائی بمباری کے بعد کل رات اسرائیلی فوج لبنان میں داخل ہو گئی اور وسیع پیمانے پر زمینی حملے شروع کر دیے۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ پیر کی رات سے لبنان کے خلاف حملے شروع کر دیے ہیں، جس میں 98ویں ایلیٹ ڈویژن سے کمانڈوز اور پیراملٹری فوج شامل ہیں، جنہیں 2 ہفتے قبل غزہ سے شمالی محاذ سے تعینات کیا گیا تھا۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے محدود زمینی حملے شروع کرنے جارہے ہیں اور اسرائیلی فوجیوں کو فضائیہ کی مدد بھی حاصل ہوگی۔

لبنان میں وزارت صحت نے بتایا کہ جنوبی علاقے مشرقی بیکا وادی اور بیروت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے ظالمانہ حملوں میں کم از کم 95 افراد شہید اور 172 زخمی ہوئے ہیں۔یادر ہے کہ 2 روز قبل اسرائیل نے فلسطین اور لبنان کے بعد تیسرے مسلمان ملک پر حملہ کرتے ہوئے یمن میں بمباری کی تھی اور یمن کے چوتھے بڑے شہر حُدیدہ کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم چار افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

Back to top button