ایرانی حملہ قطری خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل خطے کے عدم استحکام کا ذمہ دار ہے: قطری وزیراعظم

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں عدم استحکام کا اصل ذمہ دار ہے، جبکہ ایران کی جانب سے امریکی اڈے پر حملہ قطری خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق، دوحہ کے قریب العدید ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے کے تناظر میں لبنانی وزیراعظم نواف سلام کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے کہا کہ ایران کے اس اقدام نے قطر کی خودمختاری کو نقصان پہنچایا اور یہ حملہ خطے کے امن کے لیے ایک واضح خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کو مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔”
قطر میں امریکی اڈے پر ایرانی حملہ، ایرانی سفیر کی طلبی
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران اور اسرائیل نے حال ہی میں جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، تاہم العدید بیس پر ایرانی پاسداران انقلاب کا حملہ اس معاہدے کی روح کے خلاف تھا۔
لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اس موقع پر کہا کہ دوحہ میں ہونے والے اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے ایرانی حملے پر قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور کشیدگی کے خاتمے کی حمایت کرتا ہے