اسحاق ڈار کی کابل میں افغان اور ازبک وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار  نےکابل میں افغان اور ازبک وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔

افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ہونے والی ملاقات میں تینوں فریقین نے تجارت، علاقائی رسائی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

 وزرائے خارجہ نے خطے میں موجود معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے اور علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے افغان عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کابل میں اس دورے کا مرکزی نکتہ ازبکستان-افغانستان-پاکستان (یو اے پی) ریلوے منصوبے کے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط تھے، جو اسحاق ڈار نے دونوں ہم منصبوں کے ساتھ کیے۔ اس منصوبے کا مقصد ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان سے ریلوے کے ذریعے جوڑنا ہے، جس سے وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں تک براہ راست رسائی ممکن ہو سکے گی۔

 اسحاق ڈار کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا، جس میں وزیر ریلوے، افغانستان کے لیے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی/نمائندہ خصوصی اور وزارتِ ریلوے کے سیکریٹری شامل تھے۔

یو اے پی ریلوے منصوبہ خطے میں تجارت، ٹرانزٹ، استحکام اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ کابل میں تینوں ممالک کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط اس منصوبے کے عملی آغاز کی طرف ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس دورے کے دوران اسحاق ڈار افغان قیادت سے خطے کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعاون اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

Back to top button