خواجہ آصف کے معاملےمیں کارروائی کرنا برطانیہ کی ذمہ داری ہے : مولانا فضل الرحمٰن

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئےواقعے کی مذمت کی اور کہا کہ برطانیہ کی ذمہ داری ہے  کہ وہ خواجہ آصف کے معاملےمیں قانون کےمطابق کارروائی کرے ۔

مولانا فضل الرحمٰن نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ہم امریکا کی سیاست میں مداخلت کرتےہیں نہ انہیں اپنے ملک میں مداخلت کی اجازت دےسکتے ہیں،امریکا میں ری پبلکن کی حکومت ہو یا ڈیموکریٹس کی،دنیا کےلیے ان کی پالیسی ایک ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھاکہ ہمیشہ آئین اور جمہوریت پر شب خون مارا گیا،جمہوریت کی کمزوری میں سیاستدانوں کا بڑا کردار ہے،سیاستدانوں نے اپنے مفادات کےلیے جمہوریت پر سمجھوتہ کیا۔

انہوں نےواضح کیا کہ کسی سیاستدان کو قید کرنے کے حق میں نہیں،عمران خان کی رہائی کی کوششوں میں میرا کوئی کردار نہیں ہے۔

لندن میں خواجہ آصف سے بدتمیزی،دھمکیوں کی ویڈیو منظرعام پرآگئی

خیال رہےکہ لندن میں وزیر دفاع خواجہ آصف کو گالیوں اور چاقو حملے کی دھمکیوں کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں لندن گراؤنڈ اسٹیشن پر نا معلوم شخص نے خواجہ آصف کاتعاقب کرتےہوئے انہیں چاقو حملے کی دھمکی دی۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کو واقعے پر پولیس سےرابطہ کرنےکی ہدایت کردی۔حکومت نے ہائی کمیشن کو ہدایت کی کہ واقعہ انتہائی سنگین ہےلہٰذا برٹش ٹرانسپورٹ پولیس سے رابطہ کر کے تحقیقات کرائی جائے۔

Back to top button