جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کانام تبدیل،مریم نوازسےمنسوب کردیاگیا

پنجاب حکومت نے لاہور کے معروف جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام تبدیل کرکے اسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔

ادارہ مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز کے نام سے جانا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی منظوری پنجاب کابینہ سے حاصل کر لی گئی ہے، اور اسپتال کو اب جناح اسپتال کے توسیعی منصوبے کے بجائے ایک الگ شناخت کے ساتھ چلایا جائے گا۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ یہ اسپتال اب خود مختار بورڈ کے تحت کام کرے گا اور اس کی انتظامیہ جناح اسپتال سے مکمل طور پر الگ ہوگی۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ بجٹ ڈاکیومنٹس اور محکمہ صحت کے مراسلوں میں بھی اسپتال کا نیا نام شامل کر دیا جائے گا۔ اسپتال میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مشینری، بشمول آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی، نصب کی جا رہی ہے تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے دعویٰ کیا کہ اس اسپتال کو ہیلتھ ٹورزم کے نظریے کے تحت ڈیزائن کیا جا رہا ہے، اور توقع ہے کہ بیرون ملک سے بھی مریض یہاں علاج کی غرض سے آئیں گے۔

Back to top button