غزہ جنگ بند کی جائے،اسرائیل کی اپوزیشن جماعت میدان میں آ گئی

اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپیڈنےغزہ میں 20ماہ سے جاری جنگ کوختم کرنےکامطالبہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپیڈ نے اپنے پارلیمانی گروپ سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ اب اسرائیل کے لیے کسی قسم کا فائدہ نہیں لا رہی، بلکہ اس کے سکیورٹی، سیاسی اور معاشی مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کی موجودہ پوزیشن ان کی پارٹی کے موقف سے ہم آہنگ ہے۔ لاپیڈ نے کہا کہ حالیہ کابینہ اجلاس میں اسرائیلی چیف آف اسٹاف نے واضح طور پر کہا کہ "سیاسی قیادت کو اب اگلا ہدف طے کرنا ہوگا”، جس کا مطلب ہے کہ غزہ میں فوج کے پاس مزید کوئی عسکری ہدف باقی نہیں بچا۔
اپوزیشن لیڈر نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یرغمالیوں کو بازیاب کرایا جائے اور جنگ کا خاتمہ کر کے ملک کی دوبارہ تعمیر کا عمل شروع کیا جائے۔
ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر بھی جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ چند روز قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس توقع کا اظہار کیا تھا کہ غزہ میں جلد سیز فائر ہو جائے گا۔