ٹرمپ کا دورہ پاکستان پہلے امریکی صدور کے دوروں سے منفرد کیوں؟

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا۔ایران معاہدے کیلئے پاکستان آمد کا اعلان کر رکھا ہے۔ صدر ٹرمپ کی ممکنہ معاہدے کیلئے متوقع پاکستان آمد اس اعتبار سے نہایت اہم اور تاریخی قرار دی جا رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق اس سے قبل پاکستان آنے والے تمام امریکی صدور نے اپنے دورے ایسے ادوار میں کیے جب ملک میں فوجی ڈکٹیٹر قابض تھے۔ اس تناظر میں ٹرمپ کے حالیہ ممکنہ دورے کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہو گئی ہے کیونکہ یہ کسی بھی امریکی صدر کا ایک منتخب جمہوری حکومت کے دوران پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا
تاہم یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ماضی میں کتنے امریکی صدور پاکستان آئے اور ان کے دوروں نے عالمی و علاقائی سیاست پر کیا اثرات مرتب کیے؟ سیاسی مبصرین کے مطابق اگر دیکھا جائے تو جارج ڈبلیو بش جونیئر وہ آخری امریکی صدر تھے جنہوں نے 3 مارچ 2006 کو پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے نام نہاد صدر ڈکٹیٹرجنرل پرویز مشرف کے ساتھ اِسلام آباد میں ملاقات کی تھی جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔ صدر بش کے بعد جے ڈی وینس پہلے امریکی نائب صدر تھے جنہوں نے 21 سال بعد ایران امریکا مذاکرات کے تناظر میں 12 اپریل 2026 کو پاکستان کا دورہ کیا۔ تاہم اب پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے مابین تمام اختلافی امور طے پانے کے بعد صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے اِمکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔ خاص طور پر جب گزشتہ روز وہ خود اِس سلسلے میں پاکستان آنے کا امکان ظاہر کر چُکے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات سرد جنگ سے لے کر دہشتگردی کے خلاف جنگ تک مختلف ادوار سے گزرتے رہے ہیں، مگر ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ امریکی صدور کے پاکستان کے دورے انتہائی کم رہے ہیں۔ اب تک صرف 5 امریکی صدور نے بطورِ صدر پاکستان کا دورہ کیاہے۔ کسی بھی امریکی صدر کا پاکستان کا پہلا صدارتی دورہ دسمبر 1959 میں اس وقت ہوا جب امریکی صدر آئزن ہاور پاکستان پہنچے۔ اس وقت پاکستان میں صدر ایوب خان کی حکومت تھی اور دنیا سرد جنگ کے 2 بلاکس میں تقسیم تھی۔اس دورے کا بنیادی مقصد سوویت یونین کے خلاف خطے میں امریکی اثر و رسوخ کو مضبوط بنانا تھا۔ پاکستان پہلے ہی سیٹو اور سینٹو جیسے دفاعی اتحادوں کا حصہ بن چکا تھا، اس لیے اس دورے نے دونوں ممالک کے سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔
جولائی 1969 میں امریکی صدر رچرڈ نکسن نے پاکستان کا دورہ کیا، جو بظاہر ایک معمول کا سفارتی دورہ تھا لیکن درحقیقت اس دورے کےعالمی سیاست پر بہت گہرےاثرات مرتب ہوئے۔ا س وقت پاکستان میں جنرل یحییٰ خان برسرِ اقتدار تھے۔ پاکستان نے امریکا اور چین کے درمیان خفیہ رابطوں میں پل کا کردار ادا کیا، اور نکسن کا یہی دورہ بعد میں امریکا چین تعلقات کی بحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔ اس طرح پاکستان عالمی سفارتکاری کے ایک اہم محور کے طور پر ابھرا۔
جنوری 1978 میں صدر جمی کارٹر پاکستان آئے، جب جنرل ضیاالحق کی حکومت قائم تھی۔ اس دورے میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام، انسانی حقوق اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔امریکا اس وقت پاکستان کے ایٹمی عزائم پر تشویش رکھتا تھا، جبکہ پاکستان اپنی سیکیورٹی ضروریات کو مقدم سمجھتا تھا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک پیچیدہ توازن کی عکاسی کرتا ہے۔
مارچ 2000 میں امریکی صدر بل کلنٹن نے پاکستان کا نہایت مختصر، چند گھنٹوں پر مشتمل دورہ کیا۔ اس وقت پاکستان میں جنرل پرویز مشرف کی حکومت تھی۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ دورہ انتہائی محدود رکھا گیا۔کلنٹن نے اپنے پیغام میں جمہوریت کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور جنوبی ایشیا میں امن پر زور دیا۔ یہ دورہ علامتی طور پر اہم تھا مگر اس نے تعلقات کی پیچیدگی کو بھی نمایاں کیا۔
قابل شخصیت کل وائٹ ہاؤس کی مہمان ہو گی، ٹرمپ
مبصرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات میں حائل بڑی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد ایک جامع معاہدے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ پاکستان آمد کو خطے کی سیاست اور عالمی طاقتوں کے توازن میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق ماضی میں بھی امریکی صدور کے پاکستان کے دورے محض رسمی نہیں رہے بلکہ اپنے عہد کی عالمی ترجیحات اور سٹریٹیجک تقاضوں کی عکاسی کرتے رہے ہیں۔ سرد جنگ کے دور میں امریکی صدر ڈوائٹ ڈی آئزن ہاور کا تاریخی دورہ ہو یا دہشتگردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں جارج ڈبلیو بش کی پاکستان آمد،ہر موقع اپنے اندر اہم سفارتی پیغامات لیے ہوئے تھا۔ آج جب دنیا ایک نئے جیوپولیٹیکل دور میں داخل ہو رہی ہے، تو صدر ٹرمپ کا ممکنہ دورہ نہ صرف پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز بن سکتا ہے بلکہ خطے میں امن، سفارتکاری اور طاقت کے توازن پر بھی گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
