خارجی دہشت گردوں کا بنوں میں چیک پوسٹ پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں 12 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارج کی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملےکی کوشش ناکام ہوگئی، فائرنگ کےتبادلے میں پاک فوج کے 12 جوان شہید جب کہ 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق 19 نومبر کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کی چیک پوسٹ میں داخل ہونےکی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے داخل ہونےکی کوشش ناکام ہونے پر بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرادی، خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گرگیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا، خودکش دھماکے میں پاک فوج کے 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے، شہدا میں 10 پاک فوج کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارےدہشت گردی کی لعنت کےخاتمے کےلیے پرعزم ہیں۔

شعبہ تعلقات عامہ کےمطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شہید ہونےوالوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی،سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید،ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد ہری پورکے نائیک باسط فرید شامل ہیں۔

`

Back to top button