پہلگام حملے میں 27سیاح ہلاک ،بھارتی میڈیاکاپاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 27 سیاح ہلاک ہو گئے،حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈاشروع کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ متعدد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حملہ آور پولیس کی وردی میں تھے، جن کی تعداد 2 سے 3 تھی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ کئی برسوں بعد مقبوضہ کشمیر میں بڑا حملہ ہوا ہے، اب اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ کتنے افراد کی ہلاکت ہوئی اور کتنے زخمی ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیت شاہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر روانہ ہو گئے ہیں، وہ تمام ایجنسیوں کے ساتھ فوری سیکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم، حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا اور من گھڑت پروپیگنڈا کے ذریعے الزام تراشی کی۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں مذہب کا استعمال کرتے ہوئے غیر مسلم سیاحوں کو نشانہ بنانے کا ڈرامہ بھی رچایا گیا جسے سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے بھارتی پالیسیوں کا حصہ قرار دیا۔
واقعہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پیش آیا، جہاں ماضی میں بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کی جاتی رہی ہے، جنہیں اکثر غیر مصدقہ اور جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا گیا ہے۔