اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات، سعودیہ پر حوثی حملوں کی مذمت

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ اور فلسطین کی صورتحال سمیت اہم علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو استنبول کے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے استنبول میں آر فور وزرائے خارجہ اجلاس اور فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کی شرکت کے ساتھ آر فور پلس اجلاس کی میزبانی کرنے پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیراعظم نے ترکیے میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے اچانک سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکیے کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطین کی صورتحال سمیت خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام کو درپیش خطرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام اور فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔
