شراب برآمدگی کیس:علی امین گنڈاپور کوگرفتار کرکےپیش کرنےکا حکم
شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار،عدالت نے 2نومبر تک گرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم دیدیا۔
علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار
وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سینئیر سول جج مبشر حسن چشتی نے حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کر دی جبکہ عدالت نے شراب برآمدگی کیس میں ایس ایس پی آپریشنز کو وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کرانے کا حکم دیدیا۔
یوٹیوبر کی جانب سے چیف جسٹس کی تصویر لینے پرایس پی سیکورٹی کا تبادلہ
سینئیر سول جج مبشر حسن چشتی نے سماعت کی
سینئیر سول جج مبشر حسن چشتی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی ۔ جج نے استفسار کیا کہ علی امین گنڈا پور کا ضمانتی پیش کریں وہ کدھر ہیں؟
وکیل نے کہا میں نے وہی درخواست دی ہے کہ ضمانتی کو عدالت پیش کیا جائے۔ جج نے ریمارکس دیے آپ نے جب ضمانت دی تھی تو کہا تھا ہر پیشی پر ضمانتی پیش ہو گا۔
وزیر اعلی کے وکیل نے کہا کہ آپ ایڈیشنل سیشن جج قدرت اللہ کا حکم نامہ دیکھیں، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل عدالت پہلے بریت کی درخواست پر فیصلہ دے گی، عدالت نے جو وارنٹ جاری کیے وہ بریت کی درخواست کے بعد جاری ہوئے ہیں۔
ملزم پیش نہ ہوا تو وارنٹ برقرار رہیں گے،جج
جج نے ریمارکس دیے اگر عدالت میں ملزم پیش نہیں ہو گا تو میں وارنٹ گرفتاری جاری کرونگا۔وکیل نے کہا علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر کے وارنٹ منسوخ کیے جائیں اور دلائل دیے کہ ملزم پر الزام ہے گاڑی سے اترا اور بھاگ گیا حالانکہ وہ بھاگنے والوں میں سے نہیں ہیں،اس کیس میں ثبوت ہی نہیں انہیں کیوں گھسیٹا جا رہا ہے۔
بریت کی درخواست پربحث کی جائے،وکیل علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ وارنٹ گرفتاری منسوخ کر کے بریت کی درخواست پر بحث کا حکم جاری کیا جائے۔
آپ تحریری درخواست لے آئیں،جج
جج نے ہدایت کی آپ تحریری درخواست لے آئیں میں اس پر فیصلہ کروں گا، آئندہ سماعت تک وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ کرائی گئی تو ایس ایس پی آپریشنز ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔
عدالت نے حکم دیا ایس ایس پی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے کے وجوہات بارے عدالت کو آگاہ کرینگے،کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔