بشریٰ بی بی کی رہائی میرٹ پرہوئی،”ڈیل “کاتاثرقیاس آرائیاں قرار
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جیل سے حالیہ رہائی میرٹ پرہوئی۔”ڈیل“کاتاثرقیاس آرائیاں قرار دیدیا۔
بشریٰ بی بی کو کسی اور کیس میں گرفتارنہیں کیاجائیگا
باخبر ذرائع نےبتایا ہے کہ عدالت سے ضمانت ملنے پر انہیں کسی اور کیس میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔بشریٰ بی بی کو میرٹ پر ضمانت دی گئی اور یہ حکام کا فیصلہ تھا کہ انہیں کسی اور کیس میں دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔
نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے پہلے ہی روزحیران کن اقدامات
ڈیل ہوتی تو بشریٰ بی بی پشاورنہ جاتیں،ذرائع
جب ان قیاس آرائیوں کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ سابق خاتون اول کی جیل سے رہائی کسی معاہدے کا نتیجہ تھی، تو ذریعے نے واضح جواب دیا کہ ’’نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈیل ہوتی تو وہ پشاور نہ جاتی۔
بشریٰ بی بی کی قید9ماہ بعد ختم ہوئی
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سرکاری تحائف کی غیر قانونی فروخت سے متعلق کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سنانے کے ایک دن بعد جمعرات کو عمران خان کی اہلیہ کو جیل سے رہا کیا گیا۔ اس طرح اڈیالہ جیل راولپنڈی سے ان کی 9 ماہ کی قید ختم ہوئی۔
بشریٰ بی بی کی رہائی سے خان کی فیملی کو ریلیف ملا
بشریٰ بی بی کی رہائی کو عمران خان اور ان کی فیملی کیلئے بڑے قانونی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عمران خان بار بار شکایت کر چکے ہیں کہ ان کی اہلیہ کو غیر منصفانہ طور پر گرفتار کیا گیا اور انہیں دباؤ میں لانے کیلئے خاتون کو مختلف مقدمات میں گھسیٹا جا رہا ہے۔
عمران خان نے ہمیشہ اہلیہ کو بے قصور قرار دیا
حتیٰ کہ مختلف مقدمات میں دونوں کی سماعت کے دوران عمران خان عدالتوں کو بتاتے رہے ہیں کہ ان کی اہلیہ بے قصور ہیں اور اُن کا عائد کردہ الزامات سے کوئی لینا دینا نہیں۔
بشریٰ بی بی سب کی توجہ کا مرکز
اپنی رہائی کے بعد سے بشریٰ بی بی سب کی توجہ کا مرکز ہیں۔ وہ کیا کریں گی؟ کیا وہ پارٹی سیاست کی قیادت کریں گی، ہنگامہ خیزی اور اسٹیبلشمنٹ مخالف پالیسیوں پر عمل کریں گی یا خاموش رہنے کو ترجیح دیں گی؟
بشریٰ بی بی کے بعد عمران خان کی بہنیں بھی رہا
دلچسپ بات یہ ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے ایک دن بعد ہی بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بھی ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا، انہیں عدالت نے ضمانت دی تھی۔ عمران خان کی بہنوں کو رواں ماہ کے شروع میں اسلام آباد کے ڈی چوک پر مبینہ طور پر احتجاج کی قیادت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
راناثنااللہ نے بھی پی ٹی آئی کیساتھ ڈیل کی تردید کی
اس پیشرفت کو سیاست اور میڈیا میں بہت لوگوں نے شک کی نگاہ سے دیکھا لیکن وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بھی بشریٰ بی بی اور عمران خان کی بہنوں کی ضمانتوں میں ڈیل سے متعلق الزامات کی تردید کی۔
ضمانتوں میں ڈیل کی بات بے بنیاد ہے،راناثنا
ہفتہ کو میڈیا بریفنگ میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان بہنوں کی ضمانتوں میں ڈیل کی بات بے بنیاد ہے، انہوں نے اصرار کیا کہ اگر ڈیل ہوتی تو اس میں ن لیگ شامل ہوتی۔