کینال منصوبے پر مریم نواز کے بیانات مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی خلاف ورزی ہیں : نثار کھوڑو

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے کینال منصوبے سے متعلق بیان کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے پانی پر حملہ صوبے اور ملک کی وحدت پر حملہ تصور ہوگا۔
سینئر رہنما پیپلز پارٹی نثار کھوڑو نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ مریم نواز کے بیانات کا نوٹس لیں اور پارٹی پالیسی واضح کریں۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سی سی آئی ایک آئینی فورم ہے جس نے متنازعہ کینال منصوبے کو متفقہ طور پر مسترد کیا ہے اور جب تک تمام صوبے اتفاق نہیں کرتے،کوئی کینال منصوبہ نہیں بنایا جاسکتا۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی سی سی آئی کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں اور وہ آئینی فورم سے بالاتر نہیں ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کو اپنے صوبے میں اپنے دریاؤں پر ڈیم بنانے سے کسی نے نہیں روکا،لیکن اگر سندھو دریا پر لنک کینالز یا ڈیم بنانے کی کوشش کی گئی تو سندھ مزاحمت کرےگا، جیساکہ ماضی میں نوازشریف کو کالا باغ ڈیم بنانے سے روک دیاگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اپنے حصے کے پانی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا اور آئینی طور پر پانی پر پہلا حق ٹیل والے صوبے سندھ کا ہے، سندھ کے پانی پر حملہ صوبے اور ملک کی وحدت پر حملہ تصور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف میں سیاسی بصیرت تھی جنہوں نے کالا باغ ڈیم کا اعلان واپس لیا،لیکن مریم نواز میں وہ سیاسی سمجھ نہیں ہے اور وہ آئینی فورمز کی توہین کررہی ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نثار کھوڑو نے پنجاب حکومت سے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امداد قوم کے سامنے ظاہر کرنےکا مطالبہ کیا اور کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے امداد فراہم کرنے کے دعوےصرف ٹی وی چینلز تک محدود ہیں جب کہ متاثرین اب بھی ریلیف کے منتظر ہیں۔
