پیپلز پارٹی کی پنجاب کے معاملات میں مداخلت غیر آئینی ہے : عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی مسلسل پنجاب کے معاملات میں مداخلت کر کے آئینی اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے۔ کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت غیر آئینی ہے، پیپلز پارٹی مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو ہر بات پر مرسُو مرسُو کرتےہیں وہ صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں،آپ یا تو اپنے حواس کھو بیٹھےہیں یا مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نےکہا کہ کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت غیرآئینی ہے، پیپلز پارٹی پنجاب کے معاملات میں مداخلت کر کے آئینی اختیارات سے تجاوز کررہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نےکہاکہ دو ہفتے پہلے میڈیا پر آپ کو کوئی گھاس نہیں ڈالتا تھا،آج آپ پنجاب کے سیلاب متاثرین اور کسانوں پر فقرے بازی کر کے خبروں میں جگہ بنارہے ہیں،سندھ میں آپ کی حکومت ہے آپ نےکسانوں سے گندم کیوں نہیں خریدی ؟۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ پنجاب میں رہتےہوئے سندھ کے وڈیروں کی غلامی کب تک کرتےرہیں گے ؟ اپنے صوبے کا پانی استعمال کرنے کےلیے پنجاب کو دوسرے صوبے سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، پنجاب کے تمام وسائل پر پہلا حق پنجاب کے عوام کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب کے کسانوں کو ان کے پانی کا حق ہر صورت دلائیں گی، مریم نواز پنجاب کے عوام کے حق کی بات کرتی ہیں تو آپ کو تکلیف کیوں ہوتی ہے؟
کینال منصوبے پر مریم نواز کے بیانات مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی خلاف ورزی ہیں : نثار کھوڑو
ان کاکہنا تھاکہ جس صوبے میں پیپلز پارٹی کی 17 سال سے حکومت ہےوہاں مسائل کے انبار لگےہیں، پنجاب یاد رکھے گا،عوام مشکل میں تھےتو پیپلزپارٹی نے ان کی مشکلات کا مذاق اڑایا،پنجاب کے عوام پیپلزپارٹی کا یہ منفی رویہ کبھی نہیں بھولیں گے۔
