پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کا اہم غیر متوقع شراکت دار کیسے بنا؟

معروف امریکی ویب سائٹ ووکس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں پاکستان نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سفارت کاری میں بھی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان 2026 میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں کلیدی ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔
تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطوں، جنگ بندی کی کوششوں اور سفارتی مذاکرات میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس عمل میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی سفارت کاری نے اہم پیشرفت حاصل کی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان 1979 کے بعد اعلیٰ سطح کے اہم رابطوں اور مذاکرات کے انعقاد میں معاونت فراہم کی، جبکہ دونوں ممالک پاکستان کو ایک قابل اعتماد رابطہ کار اور ثالث کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی اہمیت کا اعتراف کیا۔
ووکس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ انتظامیہ نے پاکستان کے حوالے سے اپنی پالیسی میں نمایاں تبدیلی کی ہے۔ پہلی مدتِ صدارت کے مقابلے میں اب اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں زیادہ تعاون اور ہم آہنگی دیکھی جا رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف تعاون، علاقائی استحکام اور اقتصادی شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کرپٹو کرنسی اور نایاب معدنیات کے شعبوں میں بھی اہم معاہدوں پر پیشرفت ہوئی ہے۔
تجزیے کے مطابق پاکستان نے بیک وقت امریکا، چین، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ متوازن اور مؤثر تعلقات برقرار رکھ کر اپنی سفارتی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مشرق وسطیٰ سمیت مختلف علاقائی تنازعات میں پاکستان کو ایک مؤثر اور قابل اعتماد فریق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل میں اپنی ساکھ اور اثر و رسوخ کو مزید مضبوط بنایا ہے اور اب اسے ایک ناگزیر سفارتی شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
ووکس نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ سفارتی کامیابیوں کے باوجود پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ امریکی حمایت پر حد سے زیادہ انحصار، خطے میں جاری عدم استحکام اور پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال مستقبل میں پاکستان کے لیے اہم امتحان بن سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں نے اس کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ ضرور کیا ہے، تاہم اس پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے متوازن خارجہ پالیسی اور علاقائی استحکام پر مسلسل توجہ ضروری ہوگی۔
