حوثیوں کا سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

یمن کی حوثی تحریک انصاراللہ نے دعویٰ کیا ہےکہ اس نے سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔حوثیوں کےمطابق دونوں ٹینکر ان کی جانب سے اعلان کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کررہے تھے۔
حوثی تحریک انصاراللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہےکہ نشانہ بنائے جانے والے سعودی آئل ٹینکرز نے گروپ کی جانب سے عائد کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔
دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت والے جہاز کو نشانہ بنایاگیا،جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم عملہ محفوظ ہے۔
قبل ازیں برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے رپورٹ کیا ہےکہ سعودی عرب کے ساحل الشقیق سے 70 ناٹیکل میل دور جہاز میں آگ لگنےکی اطلاع ملی ہے ۔
ٹینکر کے کپتان کےمطابق میزائل لگنے سے آگ لگی ہے۔کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب کی بحری ناکا بندی کا اعلان کیاتھا۔
بحیرۂ احمر میں بڑھتی کشیدگی،حوثیوں کی دھمکی پر پاکستان کیوں تپ گیا؟
ترجمان انصار اللہ کا کہنا تھاکہ سعودی عرب کےخلاف بحری ناکا بندی کا اعلان کررہے ہیں۔یہ فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد کیےگئے محاصرے کے جواب میں کیاگیا ہے،یمن کے صنعا ائیرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے،اس بندش کا جواب بندش سے دیا جائےگا۔
