ایران پر امریکی فضائی حملوں کا سلسلہ بارہویں روز بھی جاری

ایران پر امریکی فضائی حملوں کا سلسلہ بارہویں روز بھی جاری رہا،امریکی افواج نے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر فضائی حملے کیے، جن میں خوزستان، ہرمزگان اور بوشہر صوبوں کے متعدد شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکا نے جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں کم از کم تین شہروں پر حملے کیے، جن میں رامشیر بھی شامل ہے، جہاں ایک اسفالٹ پلانٹ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ادھر اہواز سے ملحقہ علاقوں اور اہم بندرگاہی شہر ماہشہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ آبنائے ہرمز پر واقع ہونے کے باعث سیریک کو اہم جغرافیائی حیثیت حاصل ہے۔
بوشہر کے گورنر نے رات گئے ہونے والے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب واقع ایک بجلی کے سب سٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
حوثیوں کا سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
دوسری جانب ایران کے مغربی سرحدی شہر شلمچہ میں، جو عراق کی سرحد کے قریب واقع ہے، امریکی میزائل حملے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ مقامی عہدیدار کے مطابق امریکی میزائلوں نے شلمچہ کے مسافر ٹرمینل کے اطراف کے علاقے کو نشانہ بنایا۔
