موسلادھار بارش سے لاہور میں اربن فلڈنگ، متعدد علاقے ڈوب گئے

لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی،جس کے باعث متعدد رہائشی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے، ٹریفک جام اور سیوریج نظام مفلوج ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
موسلادھار بارش کے باعث لاہور میں کینٹ، ڈیفنس اور والٹن سمیت متعدد علاقوں کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ کئی مقامات پر بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔
لاہور کینٹ میں بارش کے باعث سیوریج سسٹم جواب دےگیا،جس سے متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔مقامی افراد کےمطابق بیشتر علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔
دوسری جانب ڈیفنس فیز تھری کے اے،بی اور سی بلاکس میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ والٹن روڈ اور کیولری گراؤنڈ میں سڑکیں مکمل طور پر زیرآب آگئیں۔کیولری گراؤنڈ کی مرکزی شاہراہ بھی پانی میں ڈوب گئی، جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر رہی۔
بارش کےبعد مین ڈیفنس روڈ پر بھی پانی جمع ہونےسے سڑک دریا کا منظر پیش کرنےلگی۔شہر کے مختلف حصوں میں پانی کھڑا ہونے کےباعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی،گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو گھنٹوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مسلسل بارش کےباعث لاہور میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، شہریوں نے متعلقہ اداروں سے نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور فوری ریلیف فراہم کرنےکا مطالبہ کیا۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 262 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ مناواں میں 200،تاجپورہ میں 151، کاہنہ میں 142، شادی پورہ میں 129 اور مغل پورہ میں 127 اور اپر مال پر 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جوہر ٹاؤن میں 80،چوک ناخدا میں 60،نشتر ٹاؤن میں 54،اقبال ٹاؤن میں 51، گلبرگ میں 49،ڈیفنس روڈ 45، سمن آباد میں 29،جیل روڈ اور پانی والا تالاب 26،لکشمی چوک اور فرخ آباد میں 24،سگیاں میں 21 اور گلشن راوی میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہےجس کے سبب اندرون اور بیرون ملک جانے اور آنے والی پروازیں متاثر ہوگئیں۔
لاہور سے کراچی، جدہ، دبئی، ابوظہبی، استنبول جانے اور آنے والی 6 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ شدید بارش سے پروازوں کی آمدو رفت میں تاخیر ہوئی۔ایئر پورٹ حکام نے مسافروں کو اپنی پروازوں کے بارے میں معلومات لے کر آنے کی ہدایت کی ہے۔
