فوجی عدالت سے سویلینز کے خلاف سزاؤں کو مسترد کرتے ہیں : عمر ایوب
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب نے ملٹری کورٹس سے سزاؤں کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ زیر حراست افراد عام شہری ہیں،فوجی عدالت سے سویلینز کےخلاف سزاؤں کو مسترد کرتے ہیں۔
سینئر رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہاکہ پی ٹی آئی کے زیر حراست افراد کوسنائی گئی سزائیں انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں،فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد عام شہری ہیں اور ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا، مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں،ایسے فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت،طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی ہے۔
یاد رہےکہ سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو 2 تا 10 سال قید با مشقت کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں ملوث جان محمد خان اور محمد عمران محبوب کو 10 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق جی ایچ کیو حملے میں ملوث راجہ محمد احسان کو بھی 10 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کو سزائیں سنا دی گئیں: آئی ایس پی آر
پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان پر حملے میں ملوث عدنان احمد اور رحمت اللّٰہ جب کہ پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث انور خان کو بھی 10، 10 سال قیدِ با مشقت کی سزا ہوئی ہے۔
بنوں کینٹ حملےمیں ملوث محمد آفاق خان کو 9 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ چکدرہ قلعہ حملےمیں ملوث داؤد خان کو 7 سال قیدِ با مشقت کی سزا ہوئی ہے۔
جناح ہاؤس حملےمیں ملوث فہیم حیدر کو 6 سال، ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث زاہد خان کو 4 سال، پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث یاسر نواز کو 2 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔