مراکش کشتی حادثہ: بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کے ناموں کی فہرست جاری

وزارت خارجہ نےمراکش کشتی حادثے میں بچائے گئے 21 پاکستانیوں کی فہرست جاری کر دی۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سےجاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہے، رباط میں پاکستانی سفارتی مشن کےذریعے متاثرہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کی گئی اور سفارتخانے نے متاثرہ افراد کیلئے ضروری اشیاء جن میں کھانا، پانی، ادویات اورکپڑوں کا بندوبست کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سفارتخانے کی قونصل ٹیم اس وقت دخلہ میں موجود ہے، دخلہ میں مقامی حکام ہماری سفارتی درخواست کے تحت پناہ گاہیں اور طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں،اس کے علاوہ مراکش میں متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کو مکمل مدد فراہم کی جاسکے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق بچ جانے والےشہریوں کی وطن واپسی کے عمل کیلئے کوشاں ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے پرعزم ہیں ۔
وزارت خارجہ نے مراکش میں بچائے گئے 21 پاکستانیوں کی فہرست بھی جاری کر دی۔
بچ جانے والوں میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شمیر، تنویراحمد، عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، بدرمحی الدین، عمران اقبال شامل ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے بائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل کردی
اس کےعلاوہ بچ جانے والے پاکستانیوں میں شعیب ظفر، علی حسن، مہتاب الحسن، عزیربشارت، محمد آصف، مجاہد علی، عامر علی، عمر فاروقی، بلاول اقبال، ارسلان اور عرفان احمد شامل ہیں۔
واقعے کا پس منظر
یاد رہے کہ جمعرات کو افریقی ملک موریطانیہ سےغیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی کےمطابق 86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی، کشتی میں کل 66 پاکستانی سوار تھے تاہم کشتی حادثے میں 36 افرادکو بچالیا گیا ہے۔
کشتی حادثے میں جاں بحق 44 پاکستانیوں میں سے 12 نوجوان گجرات کےرہائشی تھے، اس کے علاوہ سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔
