پاکستان کا مشرقی وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نےکہاہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرشدید تشویش ہے۔
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کا ایران کے شہر مشہد میں اقتصادی تعاون تنظیم کےوزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل نے تنظیم میں نئے عزم اور جذبے کی روح پھونکی ہے،وزرا کونسل کےاجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے،اجلاس کی میزبانی اور مہمان نوازی کےلیےایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔
اسحٰق ڈارنےکہا وہ اسرائیل کی جانب سےغزہ، لبنان اور شام میں مظالم کی سخت مذمت کرتےہیں،مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرشدید تشویش ہے، اسرائیل نےخطے کی سلامتی اور سیکورٹی کو داؤ پرلگادیاہے،مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو تشدد،جنگ سے پاک اورخوف سےآزادزندگی گزارنے کا حق حاصل ہے،پاکستان خطےمیں امن کاخواہاں ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ نےمزید کہا کہ پاکستان ای سی او کو علاقائی ممالک کےدرمیان باہمی تعاون کوفروغ دینےکےلیےایک اہم پلیٹ فارم کےطورپردیکھتا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سےاجلاس کےتجویز کردہ عنوان کےمطابق ای سی او ممالک کی ترقی اورخوشحالی علاقائی تجارت کی توسیع پرمنحصر ہے۔
اسحٰق ڈارنےکہاکہ خطےکی پائیدار ترقی کےلیےای سی او کا تجارتی معاہدہ ایک مخصوص وقت میں ٹیرف کو کم کرکے علاقائی اقتصادی مفادات کےفروغ کےلیے ایک سازگار پلیٹ فارم ہے۔
وزیرخارجہ اسحٰق ڈارنے کہا ای سی او کےوجود میں آنےکےکافی عرصےبعد بھی معاہدوں پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، پاکستان ای سی اوکےتجارتی معاہدے کے جلد نفاذ کوبہت اہمیت دیتا ہے،ہم تمام ممبرممالک سےدرخواست کرتے ہیں کہ وہ جلد ازجلد اس معاہدےپرعمل درآمدکےلیےہمارا ساتھ دیں۔