پاکستان نے پاورپروجیکٹس کیخلاف کارروائی رکوانےکی بھارتی درخواست کی مخالفت کردی

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے متنازعہ رتلے اور کشن گنگا ہائیڈرو پاور منصوبوں پر ورلڈ بینک کی کارروائی روکنے سے متعلق بھارتی درخواست کی سختی سے مخالفت کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارت نے ورلڈ بینک کے نیوٹرل ایکسپرٹ مائیکل لینو کو ایک خط کے ذریعے مؤقف اختیار کیا کہ چونکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کر چکا ہے، لہٰذا ان منصوبوں کے خلاف عالمی بینک کی کارروائی بند کر دی جائے۔

اس کے جواب میں پاکستان نے بھارتی مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رتلے اور کشن گنگا دونوں منصوبے سندھ طاس معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہیں، کیونکہ یہ منصوبے دریاؤں کے کم از کم بہاؤ کی شرط پوری نہیں کرتے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت ان دونوں منصوبوں پر نیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائی کو رکوانا چاہتا ہے، جبکہ ورلڈ بینک کی جانب سے ان منصوبوں پر ماہر مقرر کیا جا چکا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ بھارت معاہدے کی یک طرفہ معطلی کا دعویٰ کرکے کارروائی رکوانے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ خود عالمی بینک یہ واضح کر چکا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان نے عالمی فورمز پر اپنے آبی حقوق اور تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہلم اور چناب دریاؤں پر بھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پر سنگین اعتراضات موجود ہیں، اور پاکستان ان منصوبوں کے خلاف اپنی قانونی کارروائی جاری رکھے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رتلے اور کشن گنگا منصوبوں پر نیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائی بدستور جاری رہے گی اور اسے روکنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔

Back to top button