اہم تقرری پرصدرکے ہراقدام کوعمران کی حمایت حاصل ہوگی

تحریک انصاف (کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے صدر مملکت جو بھی قدم اٹھائیں گے اسے پارٹی چیئرمین عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت اپنی آئینی ذمہ داری ادا کریں گے،صرف یہ واضح کردوں کہ صدر مملکت جو بھی قدم اٹھائیں گے اسے عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سےایوان صدر میں اہم ملاقات کے دوران آرمی چیف کی تقرری سمیت دیگر معاملات پر مشاورت کی ہے۔
تاہم ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے صدر سے ملاقات میں ملک کی بہتری کيلئے مل کر آگے بڑھنے کی خواہش کا اظہارکیا، وزیر خزانہ نے صدر کو معاشی صورت حال پر بھی اعتماد میں لیا۔ جب کہ وزارت خزانہ کی کارکردگی اور آئی ایم ایف سے معاملات سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
باخبر ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔اس سے قبل ابتدائی مشاورت میں اتحادیوں نے وفاقی حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلادیا۔ اسحاق ڈار کی سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے بھی گزشتہ روز جمعرات 17 نومبر کو اہم ملاقاتیں ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اتحادیوں نے پیغام دیا ہے کہ وزیراعظم کو آئینی اختیار ہے کہ وہ تقرری آئین کے مطابق کریں، سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ اور لانگ مارچ کو اہمیت نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت 29 نومبر کو پوری ہو رہی ہے، فوجی ترجمان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔