سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔
سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کےخلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نےکی۔
صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے جب کہ مطیع اللہ جان کےوکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل ریاست علی آزاد نے عدالت میں ایف آئی آر پڑھ کر سنائی اور کہاکہ ایف آئی آر میں آئس کی خرید و فروخت کاکوئی ذکر نہیں ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرتےہوئے کہاکہ مطیع اللہ جان کو اب جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیاجائے۔
بعد ازاں عدالت عالیہ نے مطیع اللہ جان کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز اے ٹی سی نے مبینہ آئس برآمدگی کیس میں صحافی مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیاتھا۔ مطیع اللہ کو 28 کی رات اسلام آباد پولیس نےگرفتار کیاتھا۔
بشریٰ بی بی اور میرے اختلافات کی باتیں پروپیگنڈا ہیں : علی امین گنڈاپور
خیال رہے کہ سینئر صحافی مطیع اللہ جان کا انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے دیا گیا جسمانی ریمانڈ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے صحافی مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کےخلاف درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھاکہ مطیع اللہ جان کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں گرفتار کیاگیا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے صحافی مطیع اللہ جان کے اغوا اور ایف آئی آر کی مذمت کرتےہوئے مقدمے کو مضحکہ خیز اور جھوٹ کا پلندہ قراردیا ہے۔
ایسوسی ایشن نےکہا کہ صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے،مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملےکی جوڈیشل انکوائری کروائی جائےاور فی الفور مقدمہ خارج کرکے مطیع اللہ جان کو رہاکیا جائے۔
صحافی مطیع اللہ جان کو اسلام آباد میں ای نائن چیک پوسٹ سے گرفتار کر کے مارگلہ پولیس اسٹیشن منتقل کیاگیا۔
درج ایف آئی آر کے مطابق مطیع اللہ جان کی گاڑی کو 28 نومبر کی رات اسلام آباد ناکے پر رکنے کا اشارہ کیاگیا لیکن گاڑی کی ٹکر سے ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل مدثر زخمی ہو گئے۔
گاڑی رکنے پر مطیع اللہ جان نے سرکاری اسلحہ چھین کر اہلکار کو جان سےمارنے کی دھمکی دی جب کہ ملزم نشے میں تھا۔