گروپ آرگنائزرکےبغیرزائرین عراق نہیں جا سکیں گے،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہےکہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزرگروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے۔

تہران میں منعقدہ سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین کو صرف باقاعدہ رجسٹرڈ آرگنائزر گروپس کے ذریعے ہی عراق جانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ان گروپس کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ اپنے ہمراہ جانے والے تمام افراد کو واپس بھی لائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین کی سہولت اور تحفظ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اور سہ ملکی تعاون اس حوالے سے خوش آئند ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی زائرین کا انفرادی طور پر عراق جانا ممنوع ہوگا، سوائے ان افراد کے جنہیں پاکستانی سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا۔ تاہم، اکثریت کو رجسٹرڈ گروپس کی صورت میں ہی سفر کی اجازت ہوگی تاکہ عراق میں قیام کی مدت سے تجاوز اور غیر قانونی کام کرنے جیسے مسائل کا سدباب کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو عراق میں قیام کے بعد غیر قانونی طور پر کام شروع کر دیتے ہیں، وہ ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں۔ ہمیں یہ رجحان ختم کرنا ہوگا، اور اس ضمن میں ایران اور عراق کے تعاون سے یکم جنوری 2026 سے یہ نیا طریقہ کار نافذ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے ایران اور عراق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں زائرین کی میزبانی اور دیکھ بھال ایک مشکل کام ہے جسے دونوں ممالک بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی کھل کر مذمت کی ہے اور ہر بین الاقوامی فورم پر ایران کے مؤقف کی حمایت کی۔

انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت کو سراہتے ہوئے اس استقامت پر مبارکباد بھی پیش کی۔

Back to top button