صدر مملکت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا

فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کو ملک بھر میں کام کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔ لا اینڈ جسٹس ڈویژن نے ایف سی کو فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا، جس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری کو اب "فیڈرل کانسٹیبلری” کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ آرڈیننس ایف سی ایکٹ 1915 میں ترامیم کے بعد جاری کیا گیا، جس کا مقصد ایف سی کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانا ہے۔
آرڈیننس کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کو چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کام کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔
آرڈیننس کےمطابق، فیڈرل کانسٹیبلری کا انسپکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی اور فورس سے متعلق قواعد و ضوابط بھی تشکیل دیے جائیں گے۔ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر مقرر کیا جائےگا جس کا عہدہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کے برابر ہو گا۔
وفاقی حکومت امن و امان کی بحالی کےلیے "فیڈرل ریزرو فورس” بھی بھرتی کرسکے گی۔ فیڈرل کانسٹیبلری کو داخلی سکیورٹی،فسادات پر قابو پانے،انسداد دہشت گردی اور دیگر حفاظتی امور کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
آرڈیننس میں کہاگیا ہےکہ فیڈرل کانسٹیبلری میں دو بڑی شاخیں ہوں گی، ایک سکیورٹی ڈویژن اور دوسری فیڈرل ریزرو ڈویژن۔بھرتی کےلیے ملک بھر میں دفاتر قائم کیےجائیں گے، جب کہ تنظیم نو کے فریم ورک کے تحت اس فورس کی قیادت پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے سپرد ہوگی۔
