صدرمملکت نے امریکی جنرل کو نشان امتیاز سے نواز دیا

 صدر مملکت نےامریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا کو پاک-امریکا دیرپا عسکری تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ملک کے اعلیٰ فوجی اعزاز "نشانِ امتیاز (ملٹری)” سے نوازا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے جنرل کوریلا کو یہ اعزاز عطا کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل کوریلا کی خدمات کو خطے میں امن و استحکام، اور پاک-امریکا دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی کوششوں کے تناظر میں سراہا گیا۔ ان کی وژنری قیادت نے باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے میدان میں پاک فوج اور امریکی سینٹکام کے درمیان شراکت داری کو مزید فروغ دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل کوریلا کی مسلسل شمولیت اور روابط پاکستان کے لیے ان کے احترام اور علاقائی امن و استحکام میں مرکزی کردار کی مظہر ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مستحکم ہوتے عسکری تعلقات کی بھی علامت ہے۔

بیان کے مطابق، اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران جنرل مائیکل کوریلا نے صدر مملکت، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور ابھرتے ہوئے عالمی خطرات بشمول دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل ایوانِ صدر آمد پر جنرل کوریلا کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے اس اعزاز کو پاک-امریکا اسٹریٹجک شراکت داری کی گہری بنیادوں اور دونوں ممالک کے علاقائی امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کی توثیق قرار دیا ہے۔

Back to top button