وزیراعظم کی پنجاب میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں بارشوں اور دریائے چناب، ستلج اور راوی پر متوقع سیلابی خطرے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، اویس لغاری، مصدق ملک، عطا تارڑ، وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن احد چیمہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے شریک تھے۔

اجلاس کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اب تک کیے گئے حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں کو پیشگی اطلاعات بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے اب تک پنجاب کے متاثرہ حصوں میں 5 ہزار خیمے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر ضروری سامان کی ترسیل کا عمل بھی جاری رہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے تمام انتظامی ادارے فوری طور پر عملی اقدامات کریں۔

Back to top button