پی ٹی آئی احتجاج،پنجاب کاشہداکےورثا،زخمیوں کیلئےپیکیج کااعلان
پنجاب حکومت نےپی ٹی آئی کےپرتشدداحتجاج میں شہید اہلکاروں کے ورثا اورزخمیوں کیلئےخصوصی پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کےاجلاس میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس اوررینجرز پربے رحمانہ حملوں کی شدید مذمت اور شہید سکیورٹی اہلکاروں کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
پنجاب کابینہ نےپولیس کے شہید کانسٹیبل کے لئے مجموعی طور پر2 کروڑ 90 لاکھ روپے اور زخمی ہونیوالے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کےلئے10 لاکھ کے پیکیج کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نو از نےپیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سےشہید کانسٹیبل کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں،بےرحمانہ تشدد سے172 پولیس اہلکارزخمی ہوئے جس میں بیشترکی حالت نازک ہے،سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیرعلاج زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کرشرم آتی ہے کہ مارنےوالے ہمارے لوگ ہیں۔
مریم نواز نےکہا کہ زخمیوں کودیکھ کر پی ٹی آئی کے متشدد ورکرزکی بربریت کااندازہ ہوا، کیلوں والے ڈنڈوں اور رائفل کے بٹ سےجتھو ں نےسکیورٹی اہلکاروں کو الگ الگ کرکےمارا، بے رحمانہ تشدد سےزیر علاج اہلکاروں کی کھوپڑیاں، ٹانگیں اور بازو فریکچرہوئے۔
مریم نوازنے پی ٹی آئی کو ”سیاسی گند“قراردیدیا
وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ ایس پی کو کیلوں والے ڈنڈو ں سے اس قدر بے رحمی سے مارا گیا کہ اسکی کھوپڑی اور برین ڈیمج ہوگیا اور آنکھ سوج گئی۔ زندگی میں کبھی ایسی بربریت اورظلم و تشدد کا مظاہرہ نہیں دیکھا۔ ایک پولیس اہلکارکو نزدیک سے گولی ماری گئی جو اس کے جسم کے آر پارہوگئی۔
مریم نواز نےکہا کہ پنجاب میں 10 ہزار تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکاروں کی انسداد فسادات کے لئے خصوصی فورس قائم کی جائے گی، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی چیک پوسٹوں پر حملے بڑھ گئے ہیں، وزیر اعلیٰ نے سیکورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں مزیدکہنا تھاکہ پنجاب اور پاکستان سے تحریک انصاف کے گند کا صفایا کیاجائے گا۔