پی ٹی آئی مذاکرات ٹھکراکرپرتشدداحتجاج چاہتی ہے،عرفان صدیقی

حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹرعرفان صدیقی کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش ٹھکراچکی ہے اور اب پرتشدد احتجاج کا راستہ اپناناچاہتی ہے۔
سینیٹرعرفان صدیقی کا ایکس پوسٹ میں کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی رسمی طور پر تحلیل ہو نہ ہو غیرمؤثر ہوچکی ہے۔پی ٹی آئی یک طرفہ طور پر مذاکراتی عمل سے نکل جانے کے بعد وزیر اعظم کی پیش کش بھی ٹھکرا چکی ہے۔
عرفان صدیقی کا پی ٹی آئی کےحوالے سے کہنا تھا کہ اب وہ پر تشدد احتجاج کے لیے ہوم گراؤنڈ کی طرف جانا چاہتی ہے، اسے جب کبھی ایک بار پھر مذاکرات کی ضرورت محسوس ہوئی تو دیکھی جائے گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی پہلے ہی حکومت سے مذاکرات ختم کرنے اور کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔
پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے مذاکرات کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو ہمارے مطالبات تسلیم کرکے کمیشن بنائے، پھر مذاکرات ہوں گے۔
