چیمپئنز ٹرافی ،حکومت کاسکیورٹی کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران فول پروف سکیورٹی کیلئےپاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے آئی سی سی چیمپنز ٹرافی 2025 کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیلئےوفاقی کابینہ سے پاک فوج اوررینجرز کی تعیناتی کی منظوری حاصل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی آئین کےآرٹیکل 245 کے تحت کی جائے گی جب کہ سیکیورٹی کیلئےرینجرز کی تعیناتی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت ہوگی۔
وزارت داخلہ نے ٹیموں کی فول پروف سکیورٹی کیلئےاداروں اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپنز ٹرافی ایونٹ19فروری کو شروع ہوگا اور یہ ایونٹ 9 مارچ تک جاری رہے گا جب کہ ٹورنامنٹ کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل،چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے میئر کراچی مرتضی وہاب نے ملاقات کی،اس دوران کراچی میں سہ ملکی کرکٹ سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچز کے انعقاد اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئےانتظامات کا جائزہ لیا گیا جب کہ چئیرمین پی سی بی اور میئر کراچی نےپاکستان اور نیوزی لینڈ کےدرمیان میچ بھی دیکھا۔
کراچی کےمئیرمرتضی وہاب نےریکارڈ مدت میں قذافی سٹیڈیم مکمل کرنےپرچیئرمین محسن نقوی کا خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ واقعی محسن اسپیڈ کرکٹ میں نظر آ رہی ہے، قذافی سٹیڈیمکو دنیا کا خوبصورت ترین سٹیڈیم بنانے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔
دوسری جانب،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملک میں کرکٹ ٹیموں کی آمد اورسہ ملکی ٹورنامنٹ کے آغاز پر اظہار تشکر کیا اوروزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین پی سی بی اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
وزیراعلی مریم نواز نے پاکستان،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کرتےہوئےکہا کہ کرکٹر کو قذافی اسٹیڈیم میں دیکھ کرہونے والی خوشی بیان نہیں کرسکتی، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے کرکٹ کےمیدانو ں کی رونقیں لوٹ رہی ہیں۔